قرآن کریم اللہ تبارک و تعالیٰ کا کلام اس کی آخری کتاب اور معجزہ ہے، یہ دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب اور جس کے حافظ بھی سب سے زیادہ ہیں۔
قرآن کریم کی خطاطی کرنے والے دنیا بھر میں اپنے اس فن سے دین کی خدمت کا کام انجام دے رہے ہیں ان ہی میں سے ایک خوبصورت خطاطی کی ماہرہ حافظہ اوفیٰ بشیر بھی ہیں جنہیں بچپن سے ہی قرآنی خطاطی کا شوق تھا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حافظہ اوفیٰ بشیر نے بحیثیت مہمان شرکت کی انہوں نے اپنے اس فن سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔
حافظہ اوفیٰ بشیر لاہور وومن کالج کی لیکچرار ہیں اور ایک نجی ادارے میں کیلی گرافی کی انسٹرکٹر بھی ہیں، انہوں نے اپنی خطاطی میں قرآن کریم کا پہلا صفحہ سونے سے لکھا ہے، انہوں نے اپنے اس کام کا آغاز کعبۃاللہ کے پاس بیٹھ کر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب میں بچپن میں قرآن کریم حفظ کررہی تھی تو اس دوران مجھے اس بات کا شوق ہوا کہ جو میں پڑھ رہی ہوں اسے خوشخطی کے انداز میں لکھوں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے دس سال کی عمر میں خطاطی کا پہلا سبق اپنے استاد علی انکل سے لیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا گیا اور تعلیم کے بعد میں نے اس کام کو باقاعدہ طور پر کرنے کا فیصلہ کیا۔
کعبے میں خطاطی کے آغاز کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں نے محسوس کیا کہ اللہ پاک کی خاص رحمتیں میرے چاروں طرف ہیں یہ میرے لیے بے حد سعادت کی بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں قدرتی طور پر بائیں ہاتھ سے لکھنے کی عادی یعنی لیفٹی ہوں لیکن میری ایک استاد نے کہا کہ اگر تم دائیں ہاتھ سے نہیں لکھو گی تو تم کو نہیں سکھاؤں گی تو میں نے دائیں ہاتھ سے بھی خکاطی کی۔
پروگران کے آخر میں انہوں نے سوئیڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے حوالے سے تمام مسلمانوں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ اس مذموم حرکت کا جواب یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو قرآن کریم کی اہمیت اور افادیت سے روشناس کرائیں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/C9p7vAJ
0 Comments