Header Ads Widget

سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو پولیس نے حراست میں لے لیا

لاہور: سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا آج اجلاس روکنے کے لیے رات گئے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے وجہ بتائے بغیر رات گئے گھر پر چھاپا مارا، رائے ممتاز کو حراست میں لیا اور رہائش گاہ سے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

خیال رہے کہ اسپیکر پرویز الٰہی نے آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے، اسپیکر نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے اجلاس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔

رائے ممتاز کی حراست پر پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں لاقانونیت کی حدیں پار کر دی گئی ہیں، رات کے اندھیرے میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ لا قانونیت اب بند ہونی چاہیے، اس حکومت میں کوئی محفوظ نہیں، رائے ممتاز کو حراست میں لے کر انھوں نے شکست تسلیم کر لی ہے، امپورٹڈ حکومت ملک کو دیوالیہ کرنے آئی ہے۔

مسرت جمشید کا کہنا تھا امپورٹڈ حکومت نے پورے ملک پر قبضہ کر لیا، اے آر وائی نیوز حق اور سچ کی آواز اٹھا رہا ہے، ارشد شریف کے خلاف بھی انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے۔

انھوں نے شہباز حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ مینڈیٹ کھو چکے ہیں، اب شفاف الیکشن ہونے چاہئیں۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2FhUoLP

Post a Comment

0 Comments